20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:4
چیئرمین نیب کی تقرری کا معاملہ: مدت میں توسیع کی درخواست داخل
جنگ نیوز -
اسلام آباد…وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کی طرف سے دی جانے والی مہلت ختم ہونے کے آخری روز چیئرمین نیب کی تقرری کی مدت میں مزید توسیع کیلئے متفرق درخواست عدالت میں جمع کرا دی ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل ،کے کے آغا کی طرف سے داخل درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کیونکہ جسٹس ریٹائرڈ دیدار حسین شاہ کی بطور چیئرمین نیب تقرری کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظر ثانی کی درخواست داخل کی جا چکی ہے اور نظر ثانی درخواست کی سماعت نہیں ہوئی ، اس لئے عدالت چیئرمین نیب کی تقرری کیلئے دی جانے والی تیس دن کی مہلت میں نظر ثانی درخواست کے حتمی فیصلے تک توسیع کر دے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہا اگر حکومت چیئرمین نیب کا تقرر کر دیتی ہے اور اس دوران عدالت فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے دیدار حسین شاہ کوچیئرمین نیب مقرر کرنے کا حکم دیتی ہے تو اس طرح دو چیر مین نیب ہو جائیں گے جس کی نیب آرڈیننس میں گنجائش نہیں ہے۔ درخواست میں یہ موقف بھی اختیار کیا گیا ہے کہ دیدار حسین شاہ کا معاملہ عدالت میں زیر التوا ہونے کے باعث نئے چیئرمین نیب کے تقرر کیلئے کارروائی شروع نہیں کی جاسکتی۔ درخواست میں دیدارحسین شاہ فیصلے کے خلاف نظر ثانی درخواست بھی جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔