20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:57
ایم کیو ایم سے تعلقات کا فیصلہ رویہ دیکھ کر ہوگا، ن لیگ
اے آر وائی - مری: مسلم لیگ ن نے طے کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے تعلقات کا فیصلہ کل سینٹ اور قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کا رویہ دیکھ کر کیا جائے گا۔
مری میں مسلم لیگ ن کا اجلاس میاں نوازشریف کی زیرصدارت مری میں ہوا، جس میں ایم کیو ایم کیساتھ تعلقات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس میں ایم کیو ایم کا رویہ دیکھ کر ان سے تعلقات کے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی انجم عقیل کو پولیس حراست سے فرار ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ اس حوالے سے نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی عدلیہ کے فیصلے کا احترام کریں گے۔ اجلاس میں آئندہ عام انتخابات سمیت مختلف معاملات پر غور کیا گیا۔