20 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:23
پاکستان میں کاروباری ماحول ابتر ہوا ،انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن
جنگ نیوز -
نیو یارک…عالمی بینک کے ذیلی ادارے آئی ایف سی نے دنیا بھر میں کاروباری سہولت کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان میں کاروباری ماحول ابتر ہوا ہے اور وہ اس حوالے سے انڈیکس میں آٹھ درجے نیچے چلا گیا ہے۔انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن نے دنیا بھر کے 183 ممالک میں کاروباری ماحول اور اس میں سہولیات سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے۔ کاروبار کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے سنگا پور پہلے نمبر پر جبکہ چاڈ آخری نمبر پر ہے۔ پاکستان 8 درجے نیچے گرنے کے بعد 83 ویں نمبر پر آگیا ہے۔2010 میں پاکستان کا نمبر75 واں تھا، سال 2011 کے دوران کاروباری ماحول سے متعلق 9 شعبوں میں پاکستان سات درجے سے کم ہوگیا ، صرف دوشعبوں میں بہتری آئی ہے۔ملک میں نیا کاروباری شروع کرنا زیادہ مشکل ہوگیا اور اس حوالے سے پاکستان 16 درجے نیچے جاکر 85ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ٹیکسوں سے متعلق ماحول میں بہتری آنے کے بجائے گراوٹ ہوئی ہے۔ کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ ٹیکسوں کی ادائیگی میں مشکلات بڑھ گئی ہیں اور اس حوالے سے پاکستان 6 درجے گرنے کے بعد 145 ویں نمبر پر موجود ہے۔اس کے علاوہ جائیداد کی رجسٹریشن، قرضوں کا حصول ، سرمایہ کاری کا تحفظ، سرحدوں سے باہر تجارت اور کاروباری کی بندش کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔