21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 7:38
امریکا:پاکستانی امداد سے متعلق بل پر بحث مکمل،ووٹنگ جمعرات کو ہوگی
جنگ نیوز -
واشنگٹن. . .. .. امریکا نے پاکستان کی سویلین اور سیکیورٹی امداد امریکی وزیر خارجہ کی منظوری سے مشروط کرنے کا بل ایوان نمائندگان کی امورخارجہ کمیٹی میں پیش کردیا ہے،بل پر بحث مکمل ہوگئی اور ووٹنگ جمعرات کو ہوگی۔ایوان نمائندگان میں اکثریتی جماعت ری پبلکنز نے یہ بل امور خارجہ کمیٹی میں پیش کیا۔ رکن امورخارجہ کمیٹی رو باکر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مزید امداد نہیں کرنی چاہیے، پاکستان امریکا کے مقابلے میں چین کو بڑادوست سمجھتا ہے،اور امریکا کو بے وقوف بنارہا ہے، رو باکر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلق سرد جنگ کے باعث شروع ہوا، جو اب ختم ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکا کو اسٹریٹجک تعلقات بنانے چاہیے، اور پاکستان سے امریکی فوجیوں کو واپس نکالا جائے، ڈیموکریٹ رکن ہاورڈ برمن نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان کی تمام امداد ختم کرنا غیرذمہ دارانہ عمل ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت بھی چاہتا ہے کہ پاکستان کی مدد کی جائے، انہوں نے کہا کہ امریکاکوپاکستان سے سخت رویہ اختیارکرناچاہیے لیکن سویلین اداروں کومضبوط کرناچاہیے اور بل کم نظری کاثبوت ہے۔ کمیٹی کی ری پبلکن چئیرپرسن ای لینا راس کا کہنا تھاکہ اسکا مقصد پاکستان کو یہ بتانا ہے کہ صورتحال پہلے جیسی نہیں اور اسنے نیوکلیر بلیک مارکیٹ کوختم کرنے اوراسامہ کے بقیہ نیٹ ورک کوتباہ کرنے اورانسداددہشت گردی سے متعلق امریکی مقاصد پورے نہ کیے تو ان سے جواب دہی ہو گی۔ امورخارجہ کمیٹی میں بل پر بحث مکمل کرلی گئی ہیاور جمعرات کوووٹنگ ہوگی۔ پاکستانی امداد کا بل اگر خارجہ کمیٹی منظور کرتی ہے تو یہ بل امریکی سینیٹ میں جائے گا، جہاں امریکی صدر بارک اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے۔۔ بل منظور ہوا توپاکستان کی امداد کے لیے امریکی وزیر خارجہ کو کانگریس کو یہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ اسلام آباددہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں امریکا کی مدد کررہا ہے۔ خبرایجنسی کے مطابق اگرپاکستان نے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی نہ کی تو پاکستانی کی سویلین امداد بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔