21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:2
قومی اسمبلی کااجلاس، ایجنڈاشامل نہ کرنے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ
جنگ نیوز -
اسلام آباد…اپوزیشن نے قومی اسمبلی کی کارروائی کے ایجنڈے میں اپوزیشن کے ایجنڈے کو شامل نہ کرنے پر ایوان سے علامتی واک آؤٹ کیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ایم کیو ایم کے حیدر عباس رضوی کی تجویز پر مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے ارکان نے علامتی واک آوٹ کیا۔اس موقع پر نکتہ اعتراض پر بولتے ہوئے مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے کہا کہ جاری کردہ ایجنڈے میں اپوزیشن کے ایجنڈے کا سرے سے ذکر ہی نہیں، اگر یہ جان بوجھ کر غلطی نہیں کی گئی تو اسے ٹھیک کیا جائے،تاہم اپوزیشن ارکان کچھ دیر بعد ایوان میں واپس آگئے۔ وفاقی وزیر سید خورشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رولز واضح ہیں اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گئے اجلاس میں ہمیشہ حکومت اپنا ایجنڈا جاری کرتی ہے۔ ایجنڈا کے معاملہ پر اپوزیشن کا لڑنا بھی پرانا طریقہ ہے، خورشید شاہ نے کہا کہ رولز جو بھی ہوں، اپوزیشن کے موقف کا احترام کرتے ہیں ، ایجنڈا معطل کردیا جائے۔ خورشید شاہ کے بیان پر ایوان کا معمول کا ایجنڈا معطل کردیا گیا۔ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وفاق کرپٹ لوگوں کی پناہ گاہ بن گیا ہے۔ ماضی میں ایک دوسرے کو قاتل کہنے والے کرپشن کیلئے پارٹنر بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہے بلی کا کھیل ختم ہونا چاہئے، کراچی میں قتل و غارت کرنے والے نقاب پوش کون ہیں۔