تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
21 جولائی 2011
وقت اشاعت: 19:2

طویل لوڈشیڈنگ،بجلی تنصیبات پر حملے قابل مذمت ہیں،متحدہ

جنگ نیوز -
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں بجلی کی طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے اور مسلح افرادکی جانب سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے گریڈ اسٹیشنوں اوردیگرتنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورمطالبہ کیاہے کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیاجائے اورکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیمتی اثاثہ جات کومکمل تحفظ فراہم کیاجائے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلح افرادکراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے گریڈ اسٹیشنوں اوردیگراحساس تنصیبات کونقصان پہنچارہے ہیں جس سے ملک کے ادارے کے ای ایس سی کوبھاری نقصان کاسامناہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایک جانب کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کاسلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری طرف لوڈشیڈنگ پرقابوپانے کے بجائے ادارے کی انتظامیہ اوریونین کے درمیان باہمی تنازعات کی آڑمیں عوام کا ااستحصال ہورہا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی پاکستان کامعاشی حب ہے اورمعاشی حب میں بجلی کی پیداوارکے سب سے اہم ادارے کوچندمسلح افرادکی جانب سے اس طرح نقصان پہنچاناکراچی اوراس کے عوام کے خلاف سازش ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی تنصیبات اورگریڈاسٹیشنوں پرحملوں پرحکومتی خاموشی کراچی کے عوام خصوصاً کاروباری طبقے کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بجلی کی طویل دورانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث پہلے کراچی کی شہری اور تجارتی زندگی مفلوج ہوچکی ہے ، شہری انتہائی کربناک زندگی گذرنے پرمجبورہوکرلوڈشیڈنگ کے خلاف سراپاء احتجاج ہیں جبکہ روزبہ روزلوڈشیڈنگ کے دورانیئے میں اضافہ ہورہاہے اوراب مسلح افرادکی جانب سے کے ای ایس سی کے گریڈاسٹیشنوں اوردیگرحساس تنصیبات پرحملوں سے بجلی کی پیداوار مزیدمتاثرہونے کاخدشہ ہے ۔رابطہ کمیٹی نے صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم گیلانی،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد،وزیراعلیٰ سیدقائم علی اور وزیر داخلہ منظور وسان سے مطالبہ کیاہے کہ کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کرکے شہریوں کولوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائی جائے،مسلح افرادکی جانب سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی تنصیبات اورگریڈاسٹیشنوں پرحملوں کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.