22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:19
دہشت گردوں کو حکومتی وزراء کی سرپرستی حاصل ہے، مصطفی کمال
جنگ نیوز -
کراچی...متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما اور رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کوگھروں کے اندر شہید کیا گیا،کہیں ایسا نہ ہو کہ لاشیں اٹھاتے اٹھاتے ہمارے کندھے تھک جائیں اور ہم خدانخواستہ قانون کو ہاتھ میں لیں۔ملیر میں ایم کیو ایم کے چارکارکنوں کے جنازے میں شرکت کے بعد رابطہ کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح ساڑھے 7بجے ملیر سعود آباد اور ملحقہ علاقوں میں 10 افراد کو مسلح دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے قتل کیا، مسلح دہشت گردوں کو حکومتی وزرا کی حمایت حاصل ہے۔سابق ناظم کراچی کا کہنا تھا کہ قائدتحریک الطاف حسین نے کارکنوں کو پرامن رہنے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز نے علاقے میں آنے کے بعد دہشت گردوں سے مقابلہ کیا اور عوام کو تحفظ فراہم کیا ، پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس نے رابطے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی ۔