تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 جولائی 2011
وقت اشاعت: 20:12

دفاعی اداروں میں 56 ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیوں کا انکشاف

جنگ نیوز -
اسلام آباد…آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی طرف سے دفاعی اداروں میں 56 ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔آڈٹ حکام نے پاک بحریہ کے جوانوں کی طرف سے زیادہ راشن استعمال کرنے پر بھی اعتراض کر دیا۔جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری کو حاصل ہونیوالی آڈیٹر جنرل کی دفاعی اداروں کے بارے میں تیار کردہ آڈٹ رپورٹ برائے دوہزاردس گیارہ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کے ذریعے دفاعی اداروں میں17ارب97 کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں کی گئیں جبکہ فراڈ،چوری اورسرکاری وسائل کے غلط استعمال سے قومی خزانے کو 5 ارب 10 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔اکاوٴنٹنگ میں غلطیوں کے ذریعے 2 ارب 32 کروڑ روپے کی بے قاعدگیاں سامنے آئیں جبکہ دفاعی اداروں کے داخلی نظام میں کمزوریوں کی وجہ سے 8 ارب 55 کروڑ کا نقصان ہوا۔زائد ادائیگیوں کی مد میں قومی خزانے کو 1 ارب 44 کروڑ روپے کانقصان ہواجبکہ ریکارڈکی عدم دستیابی کی مدمیں ایک ارب دوکروڑکی بے قاعدگی سامنے آئی۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق حادثات اور لاپرواہی کی مد میں دفاعی اداروں میں20ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں کی گئیں،آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ پاکستان آرمی کیلئے ایف ڈبلیو او کے ذریعے بلٹ پروف جیکٹس کی خریداری میں42کروڑ42لاکھ روپے کی اضافی رقم جاری کی گئی،اسی طرح مختلف کنٹریکٹرز کو بجلی کی مد میں تجارتی چارجز کی بجائے گھریلو چارجز لگا کر قومی خزانے کو ایک کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ لاہور گیریژن گولف اینڈ کنٹری کلب کی زمین کا ناجائز استعمال کیا گیا،کیوں کہ اس زمین کو فروخت کر کے اسلام آباد میں نئے جی ایچ کیو کی تعمیر کیلئے فنڈز حاصل کئے جانے تھے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق بحریہ فارمیسی کو بغیر ٹینڈر ساڑھے چار کروڑ کی ادویات فراہم کرنے کاٹھیکہ دیاگیا،اسی طرح پی این ایس بہادر پر غیر ملکی تربیت حاصل کرنے والوں سے رہائش کی مد میں65ہزار516 امریکی ڈالرز وصول کئے گئے۔یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کی بجائے الائیڈ چارجز فنڈ اکاوٴنٹ میں غیر قانونی طور پر رکھی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ پاک بحریہ کے سیلرز کو یومیہ 595گرام راشن کی اجازت تھی جبکہ آٹے اور چاول کی فراہمی کے ساتھ اضافی راشن دیاگیا۔ پاک فضائیہ کی طرف سے فلائنگ الاوٴنس پر پانچ فیصد کی شرح سے رینٹ ری کور نہ کرنیسے 11 کروڑ روپے کا نقصان ہوا،جبکہ پاک بحریہ کے93افسروں کو ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ بھرتی کر کے قواعد کیخلاف7 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔ کنٹونمنٹ کی زمین قواعد کیخلاف لیز پر دینے کی مد میں18 کروڑ روپے کی بے قاعدگی سامنے آئی،بل بورڈز لگانے کی مد میں کنٹونمنٹ بورڈ کو1 کروڑ 13 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا،جبکہ کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کی طرف سے4 کروڑ 74 لاکھ روپے کے غلط چیکس جاری کئے گئے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.