1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
ضلع دیر بالا کی تحصیل براول میں حالات معمول پر آگئے
جنگ نیوز -
دیر بالا. . .. .. .. .ضلع دیر بالا کی تحصیل براول میں حالات معمول پر آگئے ہیں۔ پاک افغان سرحدی علاقوں پر سیکیورٹی فورسز اور مقامی امن لشکر کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے بھاری ہتھیاروں سمیت مورچہ زن ہوگئے ہیں۔ضلع دیر بالا کی تحصیل براول کے علاقوں نصرت درہ ،خراوٴدرہ ، اور شہتیز درہ میں افغان شدت پسندوں کے حملوں کوپسپا کردیاگیا ہے جس کے بعد حالات معمول پر آگئے ہیں اورپاک افغان سرحدی علاقہ خراوٴ درہ سمیت دیگر مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور مقامی امن لشکرنے مورچے قائم کر لیے ہیں۔ براول کے مختلف علاقوں سے افغان شدت پسندوں کے مشتبہ ٹھکانوں کو سیکیورٹی فورسز بھاری توپ خانوں سے جبکہ مقامی لشکر کے رضاکار اپنے قائم کردہ مورچوں سے بھاری ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنارہے ہیں۔مقامی امن لشکر کے رضاکاروں نے جیونیوز سے گفتگومیں حکو متی امداد کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ سرحدوں کی حفاظت کے لیے لڑ رہے ہیں اور حکومت اسلحہ فراہم نہیں کررہی۔افغان شدت پسندوں کے حملوں کے بعد اب بھی لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ 6 جولائی کو شدت پسندوں کے حملے کے بعد کارروائی میں 41 شدت پسند مارے گئے تھے جبکہ امن لشکر کے دو افراد جاں بحق ہوئے تھے۔