1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
عدالتی وقار کیلئے حکومت کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرینگے،شہبازشریف
جنگ نیوز -
لاہور...وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نے عدلیہ کے خلاف کھلی جنگ کا اعلان کیاہے،عدلیہ کے وقار کی بحالی کیلئے حکومت کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرینگے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کھلی جنگ کاچیلنج قبول ہے،اس کاہرسطح پرمقابلہ کرینگے، حکومتی رویہ ملک اورقوم کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے،زرداری آزادعدلیہ کوملک میں نہیں لاناچاہتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ قومی دولت لوٹنے والوں کاراستہ نہ روکاتوتاریخ کبھی معاف نہیں کریگی،آج بھی ڈاکووٴں اورچوروں کاراستہ نہ روکاتوتاریخ برے نام سے یادکریگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی خلاف تحریک میں آنیوالوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کیلئے تیارہیں،حکومت کیخلاف تحریک کاحصہ بننے والوں کوخوش آمدیدکہیں گے،عدلیہ کوبچانے کیلئے لانگ مارچ کیا،اب بھی ایساہی کرناپڑیگا۔قومی دولت لوٹنے والوں کیخلاف عوام ضرور گھروں سے نکلیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسلام آبادمیں کل ہونیوالے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائینگے،حکومت کیخلاف راست اقدام کے لائحہ عمل کااعلان جلدکیاجائیگا۔انہوں نے کہا کہحکومت عدالتی احکامات پرعمل نہیں کررہی، حکومت اپنی کرپشن کوتحفظ دینے کیلئے کسی بھی حدتک جاسکتی ہے، اور اسی لئے وہ عدالتوں سے ٹکرارہی ہے۔ پیپلزپارٹی کایہ اقدام معاشرے کوتباہی کی جانب لے جاسکتاہے، انصاف نہیں ہوگاتوپاکستان نہیں ہوگا، سپریم کورٹ نہایت نرمی سے کام لے رہی ہے،عدلیہ کے فیصلوں پرصدرکے ساتھ وزیراعظم کارویہ بھی مناسب نہیں۔ میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لایاجاناچاہیے،عوام جانتے ہیں حکومت عدلیہ کے فیصلوں کے ساتھ کیاکررہی ہے، عدلیہ کی آزادی کیلئے عوام کی بے شمارقربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا، عوام عدلیہ کے فیصلوں پرعملدرآمدکیلئے فرض پوراکریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کے وقارکے تحفظ کیلئے کوئی خوف آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتا،اس کے لئے پنجاب حکومت بھی قربان کرنا پڑی تو کردیں گے۔