تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48

پاکستان کونسل آف ڈیلس فورٹ ورتھ کانفرنس کاانعقاد

جنگ نیوز -


ٹیکساس/ڈیلس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... پاکستان کونسل آف ڈیلس فورٹ ورتھ کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں پاکستان میں خواتین کے مسائل اور پاک امریکہ تعلقات کے موضوع پر ارونگ پبلک لائبریری میں کانفرنس منعقدکی گئی۔ جسمیں پاکستانی سفیر حسین حقانی کی انکی نمائندگی سفارتخانے کے سیاسی امورکے قونصلر محمدمدثر ٹیپو نے کی۔ امریکہ کی دیگر ریاستوں اور واشنگٹن میں کام کرنیوالے فلاحی تنظیموں کے سربراہ بھی اس کانفرنس میں شریک ہوئے۔ پاکستان سے اعلیٰ سول اعزاز حاصل کرنے والی خاتون رہنما اور پروگریسو وومین ایسوسی ایشن کی روح رواں شہناز بخاری نے کہاکہ پاکستان میں خواتین کے مسائل کے حوالے سے بہت پیش رفت ہوئی ہے اور آج پاکستان کی پارلیمنٹ اور کابینہ میں کثیر تعداد میں خواتین شامل ہیں، انہوں نے امید ظاہرکی کہ خواتین قانون ساز اسمبلیوں میں جاکر خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے اہم اقدامات کریں گی۔ انہوں نے اپنی تنظیم کے حوالے سے عورتوں پر تشدد اوران کی مدد کے سلسلے میں کاوشوں کا ذکر بھی کیا۔ ڈیلس پیس سینٹر کی ڈائریکٹر کیلی اوبازی نے کہاکہ خواتین کے مسائل صرف پاکستان نہیں بلکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے جس پر نہ صرف ڈیلس بلکہ پوری دنیا میں کام ہورہا ہے۔ پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے واشنگٹن میں کام کرنے والی تنظیم کونسل آف پاکستان ریلیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ماہرہ ا رحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکی تنظیم پاکستانی نژاد امریکیوں کو جو مسائل تھے ان پر امریکی ارباب اختیار سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم اور دیگر فلاحی تنظیموں کے تعاون سے پاکستانیوں کو ایئرپورٹ پرگھنٹوں تلاشیوں کے عمل سے گذرنے پر تشویش ظاہرکی ، جس پر کام ہوا اور اب ایسانہیں ہوتا۔ انہوں نے کیری لوگر بل کے حوالے سے پاکستان کی امداد کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ سے جانے والی یہ امداد پاکستان میں فلاح و بہبودکے کاموں پر خرچ ہوتی نظر آنی چاہئے تاکہ ہم یہاں مقامی امریکیوں کو بتاسکیں کہ پاکستان میں فلاح و بہبود کے کتنے کام ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر یہ خدشات لاحق رہتے ہیں کہ امداد صحیح طور پر خرچ نہیں کی جاتی ہے جس کیلئے ہم کوششیں کررہے ہیں۔ مسلم سکھ اتحاد کے حوالے سے ہربنس لعل نے بھی خطاب کیا۔ ڈیلس پیس سینٹر کے حاوی جواد کے توسط سے معروف قانون داں کیرالین نے اسکائپ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ڈرون حملے کسی طور پر درست نہیں ،اسلئے انہوں نے عدالت میں مقدمہ دائر کررکھا ہے جس کی تفصیلات سے انہوں نے حاضرین کو آگاہی دی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن کے قونصلر برائے سیاسی امور محمدمدثر ٹیپو نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات انتہائی پیچیدہ ہیں تاہم سفارت خانہ پاکستانی حکومت اور عوام کا موقف امریکیوں کے سامنے پیش کرتا ہے اور ہماری یہ کوششیں بار آور بھی ثابت ہورہی ہیں۔اس موقع پر4 قراردادبھی پیش کی گئیں جس میں امریکی کانگریس میں مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان میں ہونے والے ڈرون حملوں کو فوری بند کیا جائے، پاکستان کو 1.5 ملین کی امداد فوری جاری کی جائے اور اس میں رکاوٹوں کے عمل کو فوری ختم کی جائے، امریکی حکومت پاکستان کی سویلین حکومت کی بھرپور مدد کرے تاکہ پاکستان میں آمریت کا راستہ ہموار نہ کوسکے۔ افغانستان سے امریکی فوجوں کا فوری انخلا کیاجائے تاکہ وہاں کے عوام اپنے ملک کی خود حفاظت کرسکیں اور اس کیلئے راہ ہموار ہوسکے۔ اس موقع پر پاکستانی کونسل کے صدر عکرمہ خان، سیدفیاض حسن، آفتاب صدیقی، سعید قریشی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ پاکستانی کونسل کی جانب سے جرنلسٹ آف دی ایئر کاایوارڈ جنگ/جیو نیوز کے نمائندے راجہ زاہد اختر خانزادہ کو دیا گیا جبکہ دیگر اہم شعبہ ہائے جات میں ایوارڈ حاصل کرنیوالوں میں فن ایشیاء کے جان حامد،اویس سفیر، ڈاکٹر عامر سلیمان، ڈاکٹر ہربنس لعل، حاجی خلیل شامل ہیں۔ کونسل کی جانب سے پاس کی جانے والی قراردادوں کو حاضرین کی بڑی تعداد نے منظور کیا اور پاکستان میں ڈرون حملوں پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ ایک امریکی شہری خاتون نے کہاکہ یہ ڈرون حملے امریکیوں کی طرف سے نہیں بلکہ امریکی کانگریس کی منظوری سے کئے جارہے ہیں، ان کو فوری بند کیاجائے۔ کانفرنس میں پاکستانی نژاد امریکی اور مقامی امریکیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.