1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کراچی: مختلف علاقوں میں رات بھر پولیس کاسرچ آپریشن
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر پولیس کی جانب سرچ آپریشن کیا گیا،لیکن پولیس اور کمانڈوز کو خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ، ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شیخ کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے باعث اورنگی ٹاون کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا،سرچ آپریشن اورنگی ٹاوٴن کے گلفام آباد، قصبہ کالونی، بخاری کالونی سمیت دیگر علاقوں میں کیا گیا،ایس ایس پی آصف اعجاز شیخ کے مطابق سرچ آپریشن میں پولیس کے ایک ہزار سے زائد کمانڈوز اور اہلکاروں نے حصہ لیا،جس کے دوران 15 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے،لیکن حراست میں لئے جانے والے افراد کی باقاعدہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی۔ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق گلشن اقبال ٹاوٴن کے بلاک 14،مدینہ کالونی،پی آئی بی کالونی اور نیو ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں بھی پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا،خاص طور پر حسن اسکوائر پر واقع سوک سینٹر کے پیچھے قائم رہائشی فلیٹس میں بھی پولیس اور ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے لوگوں سے پوچھ گچھ کی،لیکن اسلحے کی برآمدگی یا جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کو ظاہر نہیں کیا گیا۔