1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی بڑھنے کے باوجود10گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ
جنگ نیوز -
کراچی…وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم کی ہدایت پر کے ای ایس سی کو 180ایم ایم سی ڈی ایف کی فراہمی شروع ہوگئی تاہم کراچی کے شہری تاحال دس سے بارہ گھنٹے غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیلنے پر مجبور ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کے ای ایس سی کو گیس اور تیل کی سپلائی کم ہو تو لوڈ شیڈنگ میں بدترین اضافہ لیکن سپلائی میں بہتری پر بھی لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ ہونا تعجب خیز ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کا بحران جاری ہے۔دس سے بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ اور فنی خرابیوں کے باعث بجلی کی طویل بندش نے شہر کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی معطل کردیئے ہیں۔عام شہریو ں کے ساتھ تاجر برادری بھی شدید تشویش میں مبتلاہیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں فیڈر ٹرپنگ،پی ایم ٹی کی خرابی ،تار گرنے اور کیبل فالٹ کی شکایات موصول ہورہی ہیں۔شہریوں کے مطابق کئی کئی گھنٹے بجلی کی طویل بندش کے باوجود کے ای ایس سی کا عملہ خرابی دور کرنے میں ناکام ہے۔ادھرترجمان کے ای ایس سی نے کراچی الیکڑک سپلائی کمپنی کو سوئی سدرن گیس سے 180 مکعب فٹ گیس کی فراہمی کے بعد شہرمیں اضافی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان کے مطابق رہائشی علاقوں میں 3 سے 8 گھنٹے جبکہ صنعتی علاقے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔ کے ا ی ایس سی نے کراچی واٹر بورڈ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اور مختلف حکومتی اداروں کو 3 دن میں وجبات ادا کرنے کی مہلت دی بصورت دیگر بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کا عندیہ دے دیا۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کے ای ایس سی کو پی ایس او اور سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس اور فرنس آئل کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے اور حکومتی اداروں کے بقایاجات کی ادائیگی سے متعلق آج اجلاس طلب کرلیاہے۔