1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:48
آواز کے ذریعے امن کا پیغام بھارتیوں تک پہنچاتے رہینگے، غلام علی
جنگ نیوز -
ٹیکساس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... پاکستان کے معروف کلاسیکل گلوکار استاد غلام علی نے کہا ہے کہ امریکہ میں مقیم بھارتی باشندوں سے ان کوبڑی محبت اور الفت ملی ہے جبکہ ان کی کوشش ہوگی کہ ساز و آواز اور سروں کے ذریعہ پاکستان اوربھارت کے درمیان محبت اور امن کے رشتے کو مزید پائیدارکیا جائے۔ وہ یہاں ڈیلس کے ایک شہر ارونگ میں جنگ/جیو نیوز سے خصوصی گفتگوکررہے تھے۔ استاد غلام علی کاکہنا تھا کہ پاکستانیوں کی طرح بھرپور محبت بھارتیوں نے دی ہے جبکہ وہ اپنی آواز اور سروں کے ذریعے امن کی آشا کا پیغام بھارت اور بھارتیوں تک پہنچاتے رہیں گے۔ قبل ازیں انہوں نے فن ایشیاء ارونگ تھیٹر میں منعقدہ محفل غزل میں اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ہال کھچا کھچ لوگوں سے بھرا ہوا تھا جس میں 90 فیصد بھارتی مرد و خواتین ان کو سننے کیلئے وہاںآ ئے ہوئے تھے۔ مسلسل چار گھنٹوں پر مشتمل غزلوں کے اس پروگرام میں حاضرین ان کو سنتے رہے اور بار بارتالیاں بجاکر ان کو داد تحسین دیتے رہے۔ امریکہ بھر میں محفل غزل منعقد کرنے والے پروموٹر بیش پال سوئی نے کہا کہ امریکہ بھر میں بھارتی باشندوں نے استاد غلام علی کی بھرپور پذیرائی کی ہے جس پر وہ ان کے شکرگزارہیں۔ اس موقع پر فن ایشیاء کے مالک شارق حامدنے بھی محفل غزل کو کامیاب بنانے پر ان سے اظہار تشکر کیا۔