4 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:38
پاکستان کے ساتھ تعلقات میں چیلنجز درپیش ہیں ،امریکا
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں چیلنجز درپیش ہیں لیکن ان پر قابو پانے کے لئے مل کر کام کرنا اور طویل مدتی شراکت قائم کرنا دونوں ممالک کے اسٹریٹجک مفاد میں ہے ۔یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ میں کہی۔ ان کا کہنا تھا امریکا کے خصوصی نمائندے مارک گراس مین نے پاکستان میں صدر ، وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یہ ملاقاتیں تعمیری رہیں جن میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مفادات مشترکہ ہیں اور ان مفادات کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ مارک گراس مین پاکستان افغانستان اور امریکا کے سہ فریقی کور گروپ کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں افغان مفاہمتی عمل ، معاشی ترقی اور شاہراہ ریشم سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاکستان میں امریکی سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر پابندیوں سے متعلق سوال پر مارک ٹونر نے کہا کہ امریکی سفارت کار پاکستان میں نقل حرکت اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے لئے آزاد ہیں۔ تاہم پاکستان نے اس سلسلے میں کچھ قواعد و ضوابط سے امریکا کو آگاہ کیا ہے جن پر عمل درامد کی کوشش کی جائے گی۔