6 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:29
اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے پہلی مرتبہ امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی اسٹینڈرڈ اینڈ پورز نے پہلی مرتبہ امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ میں کمی کردی ہے ،یہ فیصلہ امریکا کے بڑھتے ہوئے بجٹ خسارے سے متعلق خدشات کی بناء پر کیا گیا ہے۔ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز میں امریکا کی کریڈٹ ریٹنگ طویل عرصے سے ٹرپل اے تھی جو اب کم کرکے ڈبل اے پلس کردی گئی ہے۔ امریکی ٹریژریز جو دنیا میں محفوظ ترین سرمایہ کاری کے طور پر دیکھی جاتی تھیں اب برطانیہ ، جرمنی ، فرانس یا کینیڈا جیسے ممالک کی طرف سے جاری کئے جانے والے بانڈز سے بھی کم ریٹنگ کی حامل رہ گئی ہیں۔ اسٹینڈرڈ اینڈ پورز کے بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی امریکی کریڈٹ ریٹنگ کا منظر نامہ منفی ہے۔ یہ بیان اس بات کا اشارہ ہے کہ آئندہ بارہ سے اٹھارہ مہینوں میں امریکی کریڈٹ ریٹنگ میں مزید کمی ہوسکتی ہے۔