7 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:17
افغانستان : اتحادی فوج نے امریکی ہیلی کاپٹرگرنے کی تصدیق کردی
جنگ نیوز -
واشنگٹن ... افغانستان میں اتحادی فوج نے امریکی ہیلی کاپٹرگرنے سے 30 امریکی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ صدر اوباما نے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اسے امریکی فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی غیرمعمولی قربانی قرار دیا ہے۔ امریکی چینوک ہیلی کاپٹر گذشتہ روز مشرقی صوبے وردک میں گر کر تباہ ہوا۔ طالبان نے ہیلی کاپٹر گرانے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے 25 کا تعلق خصوصی فورسز سے تھا جن میں امریکی نیوی سیل کے 22 کمانڈوز بھی شامل ہیں۔ یہ امریکی فوج کا وہی یونٹ ہے جس نے پاکستان میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا تھا۔ تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن میں حصہ لینے والا کوئی اہل کار ہیلی کاپٹر پر سوار نہیں تھا۔ نیٹو اور افغان حکام کے مطابق اس واقعے میں ایک سویلین مترجم بھی ہلاک ہوا جبکہ سات افغان کمانڈوز بھی مارے گئے۔