7 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:17
کراچی : اورنگی ٹاوٴن میں سرچ آپریشن،متعدد افراد زیرحراست
جنگ نیوز -
کراچی ... کراچی میں اورنگی ٹاوٴن کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ آپریشن کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا۔ اس دوران فائرنگ سے 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق رات گئے اورنگی ٹاوٴن نمبر ایک ،قذافی چوک اور علی گڑھ بازار میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا جو تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔ آپریشن کے خلاف علاقے کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رینجرز اہل کار حالات خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی نہیں کرتے لیکن بے قصور لوگوں کو پکڑ کر لے جاتے ہیں۔احتجاج کے دوران کچھ افراد نے پولیس اہل کاروں پر بھی حملہ کیا جس سے ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ مظاہرے کے دوران فائرنگ سے دو خواتین زبیدہ خاتون اور نسرین بی بی زخمی ہوگئیں جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمی خواتین اور ان کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ فائرنگ رینجرز اہلکاروں نے کی۔مظاہرے کے دوران فائرنگ کے بعد بھگڈر مچنے سے مزید 5 خواتین زخمی ہوئیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورت حال کشیدہ ہے۔