11 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:25
پشاور میں 2دھماکے،4اہلکاروں سمیت7افراد ہلاک،37زخمی
جنگ نیوز -
پشاور…خیبر سپرمارکیٹ میں گیارہ جون کی شب ہونے والے دھماکوں کے دو ماہ بعد پشاور کے سٹی سرکلر روڈ پر دو دھماکوں سے شہر کی فضاوٴں میں ایک بار پھر خوف کے بادل چھا گئے۔ یکے بعد دیگرے دو دھماکوں میں سات افراد جاں بحق اور 37 زخمی ہوئے۔پشاور کے سٹی سرکلرروڈ پر لاہوری گیٹ کے باہر پولیس چیک پوسٹ کے قریب پہلا دھماکہ صبح سوا سات بجے اس وقت ہوا۔ جب تھانہ کوتوالی کا ایک ٹرک پولیس اہلکاروں کو لے کر وہاں سے گذر رہا تھا۔ دھماکے میں چار پولیس اہلکار اور ایک بچہ موقع پر جاں بحق اور اکیس زخمی ہوئے۔ جبکہ ایک پولیس اہلکار نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ دھماکے خیز مواد ایک ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں آٹھ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ واقعے کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسی مقام پر ایک خاتون خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے ایک خاتون جاں بحق اور سولہ افراد زخمی ہوئے۔ خود کش بمبار خاتون کی لاش بھی اسپتال پہنچائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق خود کش جیکٹ پوری طرح پھٹ نہیں سکا۔ جس کی وجہ سے دوسرے دھماکے میں جانی نقصان نسبتاً کم ہوا ہے۔