11 اگست 2011
وقت اشاعت: 20:49
انگلینڈ نے بھارت کے خلاف تین وکٹ پر 456رنز بنالیے
جنگ نیوز -
ایجبسٹن،برمنگھم…انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ایجبسٹن میں کھیلے جانے والے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ نے بھارتی بولروں کا جلوس نکال دیا ،اور بھارت کی پہلی اننگز 224رنز کے جواب میں دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک صرف تین وکٹیں کھوکر 456جیسا بڑا مجموعہ کھڑا کردیا ہے،اوپنر ایلسٹر کک 182رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں اور اپنی ڈبل سنچر ی کی جانب رواں دواں ہیں،جبکہ مورگن 44انکے ساتھ موجود ہیں اس طرح انگلینڈ کو بھارت پر 232رنز کی سبقت حاصل ہوگئی ہے اور ابھی اسکے سات وکٹیں باقی ہیں۔اس سے قبل انگلش کپتان اسٹروس 87پر مشرا کا شکار بن گئے،انھوں نے کک کے ساتھ ملکر 186کی شراکت قائم کی۔ای این بیل 34کو پراوین کمار نے پویلین روانہ کیا جبکہ کیون پیٹرسن 63دن کے آخری آؤٹ ہونے والے انگلش بیٹسمین تھے انھیں بھی پراوین کمارنے ہی ایل بی ڈبلیو کیا۔بھارت کی جانب سے پراوین کمار نے دو جبکہ اشیش مشرا کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ پورے دن بھارتی بولروں کی بیدردی سے پٹائی ہوتی رہی اور وہ بے بسی کی تصویر بنے نظر آئے۔واضح رہے کہ انگلینڈ پہلے دونوں ٹیسٹ جیت چکا ہے، اور اگر وہ یہ ٹیسٹ بھی جیت جاتا ہے تو وہ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کی جگہ پہلے نمبر پر آجائے گا جبکہ بھارت تیسری پوزیشن پر چلا جائیگا،ساتھ ہی ساتھ انگلینڈ یہ سیریز بھی جیت جائے گا۔