15 اگست 2011
وقت اشاعت: 17:3
وزیر اعظم کا دورہ بدین ،سیلاب متاثرین کو امداد کی یقین دہانی
جنگ نیوز -
بدین…وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے بدین میں بارش کے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور متاثرین کو ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کراتے ہوئے واپس روانہ ہوئے تو متاثرین امدادی سامان پر جھپٹ پڑے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔بدین اور ٹنڈو محمد خان کے دورے میں اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور وفاقی وزراء نوید قمرالزماں ،خورشید شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بحریہ اور آرمی کے علاوہ اب ائیر فورس کے جوان بھی امدادی کاموں میں حصہ لیں گے اور متاثرین نے جو بھی مطالبات کئے ہیں انہیں ہر صورت میں پورا کیا جائے گا جبکہ این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے فوری طور پر خیمے اور دیگر اشیاء فراہم کی جائیں گی،انہوں نے زرعی بنک حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ کاشتکاروں کو قرضوں کی مد میں عام معافی دی جائے۔ تاہم وزیر اعظم کی روانگی کے ساتھ ہی امدادی سامان پر متاثرین ٹوٹ پڑے اور بھگدڑ مچ گئی جس سے کئی متاثرین زخمی ہوگئے ۔