18 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:4
بھارت میں اناہزارے آج سے بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے
جنگ نیوز -
نئی دہلی…انا ہزارے کی انا جیت گئی۔ دلی پولیس نے بھارت کو کرپشن سے پاک کرنے کے مشن پر نکلے انا ہزارے کو پندرہ دن کیلئے بھوک ہڑتالی کیمپ لگانے کی اجازت دیدی ہے۔ انا ہزارے کی حمایت میں ہزاروں افراد تہاڑ جیل کے باہر جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ دلی پولیس نے چوہتر سالہ سماجی کارکن کو بھوک ہڑتال کی اجازت دیدی۔ بھارت کو کرپشن سے پاک کرنے کے مشن پر اب ہزاروں لوگ انا ہزارے کے سنگ ہیں۔ تہاڑ جیل کے باہر ہزاروں لوگ انا ہزارے کی رہائی کے بعد انہیں ہاتھوں ہاتھ لینے کیلئے جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ انا ہزارے کی ٹیم اور پولیس کے درمیان رات گئے مذاکرات ہوئے جو کامیاب ہوگئے۔ کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر معاملات نے اڑتالیس گھنٹوں میں ہی انا کی تہاڑ جیل سے واپسی کی راہ ہموار کردی ہے۔ دلی پولیس نے جہاں انا کو رام لیلا گراوٴنڈ میں پندرہ دن کیلئے بھوک ہڑتال کرنے کی اجازت دی ہے وہیں یہ بھی واضح کردیا ہے کہ اصولوں کی خلاف ورزی ہوئی تو اْن پر مقدمہ بھی چلایا جاسکتا ہے۔ معاملات طے پانے کے بعد انا ہزارے آج سے نئی دلی کے رام لیلا گراوٴنڈ میں پندرہ دن کیلئے بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔ یہ بھوک ہڑتال ، کرپشن کے خاتمے سے متعلق من موہن سرکار کے اس بل کیخلاف ہے جنھیں انا ہزارے مسترد کرچکے ہیں۔ لوک پال بل کی بعض شقوں پر انا ہزارے کو تحفظات ہیں جبکہ من موہن سرکار واضح کرچکی ہے کہ پارلیمنٹ کے معاملات میں انا ہزارے کو ٹانگ اڑانے کا کوئی اختیار نہیں۔ حکمراں جماعت کانگریس یہاں تک اشارہ دے چکی ہے کہ حکومت کیخلاف انا ہزارے کے پیچھے امریکا آشیر باد ہے جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اس کی تردید کی ہے۔