5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:55
بھارتی آسام: حکومت اورباغیوں کے درمیان امن معاہدہ
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز…بھارت کی مشرقی ریاست آسام میں قیامِ امن کے لیے حکومت اور باغیوں کی کالعدم تنظیم یونائیٹڈ فرنٹ آف آسام ” الفا “نے امن معاہدے پر دستخط کر دئیے۔پیرکوبھارتی ٹی وی کے مطابق معاہدے کے تحت اب الفا باغی اس وقت تک کوئی پرتشدد کارروائی نہیں کریں گے جب تک ریاست میں بغاوت کا حل نہیں نکل آتا۔ معاہدے کے تحت سیکورٹی فورسز بھی الفا باغیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کریں گی۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزارت داخلہ میں شمال مشرقی امور کے اہم افسر شبھ سنگھ نے کہا کہ فریقین کے درمیان بہت اچھی بات چیت ہوئی،معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں،مذاکرات کے اس پہلے دور میں سیاسی مذاکرات کے لیے راستہ کھلا ہے اور یہی اب مستقبل میں ہونے والی بات چیت کے لیے سمت متعین کرے گا۔اس ملاقات میں معاہدے کے قوانین اور امن کو برقرار رکھنے کے خیالات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، معاہدے کے مطابق باغی گروپ کے 600 ارکان کو ایک خصوصی کیمپ میں رکھا جائے گا۔بھارتی ٹی وی کے مطابق جب الفا کے رہنماؤں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ہتھیار حکام کے حوالے کر دیں گے تو انہوں نے فوری طور پر کہا کہ ہم ایسا کیوں کریں، یہ کوئی آخری معاہدہ نہیں ، ہم دیکھنا چاہیں گے کہ بات چیت آگے کس سمت میں بڑھتی ہے۔