5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 14:55
مغربی جاپان میں طوفان نے تباہی مچادی، 27افراد ہلاک،50 لاپتہ
جنگ نیوز -
ٹوکیو…جنگ نیوز…مغربی جاپان میں ”تالاس“نامی طوفان نے تباہی مچادی، 27افراد ہلاک اور50 لاپتہ ہوگئے، متعدد علاقوں بجلی اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہوکررہ گیاجبکہ سینکڑوں مکانات اور عمارتیں منہدم ہوگئیں، امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا، شاہراہیں بہنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پیرکو فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق مغربی جاپان میں تباہ کن طوفان ”تالاس“ کے نتیجے میں کم ازکم27 افراد ہلاک اور 50 لاپتہ ہوگئے۔ مقامی حکام کے مطابق پولیس اور فائر فائٹرز کے عملے نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہنگامی آپریشن شروع کر دیا ہے تاہم ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ کئی علاقوں میں سڑکوں اور آمد و رفت کے ذرائع بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔