5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 19:54
غیرملکیوں کی رجسٹریشن اور آمدورفت کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . . . غیرملکیوں کی رجسٹریشن اور پاکستان آمدورفت کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، تمام غیر ملکی پاکستان سے واپس جاتے وقت پولیس سے ایگزٹ سرٹیفکیٹ حاصل کریں گے ورنہ ائیر پورٹ پر روک لیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیرداخلہ کی ہدایت کے مطابق غیرملکیوں کی رجسٹریشن اور آنے جانے کا ریکارڈ نادرا کے ڈیٹا بیس سے منسلک کیاجائے گا اوراس مقصد کیلئے نادرا نیاسافٹ وئیرتیار کرے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاہے کہ پاکستان سے جانے والے غیرملکی ، مقامی پولیس حکام سے اپنا ایگزٹ سرٹیفکیٹ لازمی حاصل کریں گے ورنہ انہیں ائیر پورٹ پر ملک چھوڑنے سے روکا جاسکتاہے۔ وزارت داخلہ نے نادرا کووفاقی پولیس ملازمین کا کمپوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرنے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے جاری کردہ اسلحہ لائسنسز کی تجدید کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ ممنوعہ بور لائسنس کی تجدید کے لیے 11سو جبکہ غیرممنوعہ بور کی تجدید کے لیے 6سو روپے فیس ہوگی۔ اجلاس میں پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کو 1947 سے اب تک جاری کیے گئے اسلحہ لائسنسز کا ریکارڈ مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ جب کہ ایف آئی اے سے کہا گیا ہے کہ وہ 2000 سے اب تک اسلحہ لائسنسز کی فیس کاریکارڈ نیشنل بنک کی رسیدوں اور چالان کے ذریعے اکٹھا کرے۔