5 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:5
سید علی گیلانی کے امریکاجانے کی کبھی مخالفت نہیں کی ، میر واعظ
جنگ نیوز -
سید علی گیلانی کے امریکاجانے کی کبھی مخالفت نہیں کی ، میر واعظ
سری نگر…مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیزحریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس نے حریت رہنما سید علی گیلانی کے امریکا جانے کی کبھی مخالفت نہیں کی ، اور نہ ہی امریکی سفارت کار کو سید علی گیلانی کو امریکا کا ویزا جاری کرنے سے روکا ہے ۔سری نگرمیں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس نے ہمیشہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے ،اور حریت کانفرنس سید علی گیلانی کے امریکا جانے کی کیوں مخالفت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وکی لیکس کی رپورٹ میں لگائے گئے الزامات حقائق کے منافی ہیں۔ میر واعظ عمر فاروق نے امریکی سفارتکا ر کے اس دعوے کی بھی تردید کی کہ حریت کانفرنس دو ہزارآٹھ میں کشمیر اسمبلی کیلئے ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ حریت کانفرنس کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ انتخابات کشمیر کے مسئلے کا حل نہیں۔وکی لیکس کی جانب سے نئی دہلی سے لکھے گئے امریکی سفارتی مراسلوں میں دعوی ٰکیا گیا تھا گیا تھا کہ میر واعظ عمر فاروق نے دو ہزارسات میں امریکی سفارت کار سے ملاقات میں کہا تھا کہ سید علی گیلانی کو امریکا کیلئے ویزا جاری کرنا ایک غلطی ہوگی جبکہ ایک اور مراسلے میں یہ دعوی ٰکیا گیا تھا کہ حریت کانفرنس دو ہزار آٹھ میں الیکشن میں حصہ لینے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ آج سری نگر میں میر واعظ عمر فاروق نے امریکی مراسلوں میں لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔