6 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:17
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب
جنگ نیوز -
کراچی…جنگ نیوز… پاکستان کے 46 ویں یوم دفاع کے موقع پر پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے چاک و چوبند دستے نے بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح کے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف اکیڈمی رسالپور، ایئر وائس مارشل حسن رضا نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ایئر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان کی طرف سے بانی پاکستان کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حسن رضا نے مزار میں رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کے 91 کیڈٹس بشمول 7 خواتین کیڈٹس پر مشتمل دستے نے پاکستان نیوی کی جگہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب میں سول و ملٹری بیوروکریٹس سمیت مختلف اسکول اور کالج کے طالبعلموں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں ملک کا کامیابی سے دفاع کرنے والے شہید فوجیوں کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے یوم دفاع پاکستان ہر سال 6 ستمبر کو قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔