6 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:28
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ججز تقررکئے جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایت
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی بدامنی کیس کی سماعت سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جاری ہے سماعت کے دوران چیف جسٹس جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو حکم دیا ہے کہ دو دن میں انسداد دہشت گردی اور بینکنگ کورٹ میں ججز کی تقرری کے احکامات جاری کئے جائیں، آج کی سماعت کے دوران صوبہ سندھ کی عدالتوں میں ججوں کی کمی خاص طور پر نوٹس لیا گیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہ 2009اور2011 میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ججوں کی خالی اسامیوں کیلئے نام تجویز کئے گئے لیکن تقرری کیوں نہیں کی گئی۔ بینچ نے استفسارکہ انسداد دہشت گردی کے ججز کی تقرری فوری کیوں نہیں کی جاسکتی۔ موجود صورتحال میں مقدمات تاخیر کا شکار ہیں ان میں سنگین جرائم کے مقدمات بھی شامل ہیں۔۔ جسٹس انور جمالی نے ریمارکس دیے کہ عدالتیں دو دو سال سے خالی پڑی ہیں حکومت آخر کیاکررہی ہے۔ اس پر ایڈوکیٹ جنرل سندھ عبدالفتح ملک نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے ججز کی تقرری تین دن میں کردیں گے لیکن چیف جسٹس جسٹس افتخار چوہدری نے حکم دیا کہ یہ تقرری دو دن میں کردی جائے اور نوٹیفکشن جاری کریں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نام تجویز کرچکے ہیں۔ تجویز کردہ تمام ججز ایماندار اور قابل جج ہیں۔ چیف جسٹس نے سندھ بار کونسل اور کراچی بار کو ہدایت کی کہ وہ مافیاز کے خاتمے کے لئے تجاویز دیں۔