تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:11

امریکا : فلم” بول“جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی توجہ کامرکز بن گئی

جنگ نیوز -


ڈیلس ،ٹیکساس ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... عیدالفطر کے موقع پر امریکہ بھر کے تمام سینماؤں میں نمائش کے لئے پیش کی جانے والی جیو کی فلم بول جنوبی ایشیائی کمیونٹی کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور لوگ جوق درجوق یہ فلم دیکھنے کے لئے سینما ہاؤس کا رخ کررہے ہیں ،اس ضمن میں ریاست ٹیکساس میں فلم بول کے ڈسٹری بیوٹر اور فن ایشیا تھیٹرز کے مالک شارق حامد نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جیو کے بینر تلے بننے والی فلم بول کو نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ دیگر کمیونٹی کے افراد جس میں بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک شامل ہیں کے افراد بڑے شوق سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ فلم ایک حساس موضوع پر بنائی گئی ہے اس لئے یہ فلم ساؤتھ ایشین کمیونٹی کے افراد کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس کے 17 سینما گھروں میں یہ فلم نمائش کے لئے پیش کردی گئی ہے۔ ہیوسٹن اور ڈیلس میں فن ایشیا تھیٹرز میں فلم دیکھنے کے لئے آنے والے شائقین کا کہنا ہے کہ بول فلم نے ثابت کردکھایا ہے کہ پاکستان میں معیاری اور اچھی فلمیں بنانے کی صلاحیت موجود ہے۔ شائقین نے فلم دیکھنے کے بعد اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ شعیب منصور اور تمام اداکاروں نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور بول کی پوری ٹیم اس پر مبارکباد کی مستحق ہے ۔ ایک بھارتی سکھ نوجوان انو نے کہاکہ میں تمام بھارتیوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ یہ فلم ضرور دیکھیں کیونکہ پاکستان اور ہندوستان کا کلچر ایک جیسا ہے اور یہی کچھ انڈیا میں بھی ہوتا چلا آرہا ہے جس کو دیکھ کر معاشرہ میں اصلاح کی جانب توجہ مرکوز ہوگی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.