7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:11
سندھ: سیم نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، متاثرین پریشان
جنگ نیوز -
بدین ... سندھ کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث سیم نالوں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جس سے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ سندھ اری گیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر کے ڈی سی اوز کو ریڈ الرٹ وارننگ کے لیٹر جاری کردیئے گئے۔ضلع بدین کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز سے رات گئے تک وقفے وقفے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا۔حالیہ بارشوں سے ضلع بدین بیشتر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے۔ ہر طرف پانی ہی پانی اور متاثرین کھلے آسمان تلے حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ ایل بی او ڈی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔ جس کے باعث سندھ اری گیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر کے ڈی سی اوز کو ریڈ الرٹ وارننگ کے لیٹر جاری کردیئے گئے۔ تعلقہ گولاڑچی کے درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ کٹے ہوئے 26 روز گزر گئے ہیں۔ میرپورخاص اور نو کوٹ میں طوفانی بارشوں کے بعد سیم نالے میں پانی کی سطح بڑھ مسلسل بڑھ رہی ہے۔ عمرکوٹ کے گرڈ اسٹیشن میں پانی داخل ہونے سے 4 فیڈرز بند اب تک بند ہیں۔ سامارو شہر اور ڈھورو نارو کے پانچ گوٹھ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔نواب شاہ میں بارش سے کھلے آسمان تلے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ جبکہ دیگر علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں میں بھی لوگ دواوٴں اور خوراک کے منتظر ہیں۔ ضلع خیرپور میں کئی دیہات زیر آب اور فصلیں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ سیم نالوں میں طغیانی ہے۔ ضلع دادو کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے اور کچے کے علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ بارشوں کے باعث کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ جبکہ متاثرین کو خوراک کی قلت ہے۔ ضلع جام شورو کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ بارشوں کے باعث کئی دیہات زیر آب ہیں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔