7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 4:22
اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام : کلیدی کردار پر ہیوسٹن کراچی سسٹر ایسوسی ایشن کیلئے ایوارڈ
جنگ نیوز -
ہیوسٹن ... راجہ زاہد اختر خانزادہ ... امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کیلئے اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن امریکہ کو خصوصی ایوارڈ دیا گیا ،جویو ایس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نمائندہ خصوصی ڈیویڈ گڈون نے سسٹر سٹی کے صدر محمد سعید شیخ کو ترکش کمیونٹی سینٹر میں منعقدہ عید ملن عشائیہ میں دیا ،مذکورہ عید ملن عشائیہ استنبول سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی نے مل کر منعقد کیا تھا، جس کے مہمان خصوصی ہیوسٹن میں متعین ترکش قونصل جنرل کیملٹن آئیڈن تھے ،جبکہ دیگر شرکاء میں سابق سٹی کونسل میں ایم جے خان، پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر پی جے سواتی، ترکش چیمبر آف کامرس کے صدر جلیل یاکا، ہیوسٹن سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی صدر مس ایلن گولڈ برگ سمیت دیگر مکتبہ فکر اور کمیونٹی کی مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ کنیڈی لوگر یوتھ ایکسچینج اسٹیڈی (Yes) پروگرام کے تحت امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہر سال چالیس کے لگ بھگ پاکستانی طلبہ و طالبات کو امریکہ لاکر انہیں تعلیم کے مواقع میسر کرتا ہے جبکہ اس سلسلہ میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی نے پاکستانی طلبہ و طالبات کی مدد کی جس پر مذکورہ ایوارڈ دیاگیا اس موقع پر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے کہاکہ ہماری ٹیم کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے اور آئندہ بھی دیگر شعبہ ہائے جات میں کمیونٹی کو بھرپور مواقع فراہم کرنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی اس موقع پر آنے والے مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیاگیاتھا۔