تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 10:46

سندھ میں بارشیں:خیر پور، جھڈو میں5افراد ہلاک،سیم نالے کا پانی گھروں میں داخل

جنگ نیوز -


کراچی…سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری ہیں۔خیرپور اور جھڈو میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، مختلف شہروں میں مسلسل بارشوں سے سیم نالوں کا پانی آبادیوں میں داخل ہو رہا ہے۔خیر پور کے قریب نارا میں بارش کے باعث 2 گھروں کی چھتیں گرنے سے ایک خاتون اور 2بچے جاں بحق ہوگئے۔ریلوے لائن کے قریب مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اورتین افراد زخمی ہوگئے۔کوٹ ڈیجی اور رانی پور میں گھرکی چھت اور دیوار گرنے سے 2خواتین سمیت 7افراد زخمی ہوگئے۔ڈی سی او میر پور خاص غلام حسین میمن کا کہنا ہے کہ تحصیل جھڈو میں رات سے اب تک 240 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ مسلسل بارشوں کے باعث شہر کے اطراف قائم تین بند میر غلام حسین کالونی ،بھٹی محلے اور وارڈ نمبر 4 کے پشتے کمزور ہوگئے۔ متاثرہ علاقوں سے پھنسے ہوئے لوگوں کونکالنے کے لئے پاک فوج کو طلب کرلیاگیا ۔کیھری والا محلے میں بارش کے باعث مکا ن کی چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور 3خواتین زخمی ہوگئیں۔نوکوٹ ، ٹنڈوجام محمد اور میرواہ میں کئی گھنٹوں کی بارش کے بعد نوکوٹ سیم نالے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔سیم نالے کے پل کو خطرناک قرار دے کر ہر قسم کی ٹریفک کے لئے پہلے ہی بند کیا جاچکا ہے۔عمرکوٹ کے علاقوں سامارو اور ڈھورو نارو کے پانچ گوٹھ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ضلع تھرپارکر کیعلاقے مٹھی، ڈیپلو اور گردونواح میں گزشتہ روز سے موسلادھار بارش جاری ہے۔بارشوں سے بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہوگئے اورکھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔بدین کی پران ندی میں طغیانی سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے اور پنگریو روڈ بھی متاثر ہوا ہے۔ سمن سرکار کے قریب بہنے والے سیم نالے میں دو مختلف مقامات پر شگاف سے چھ دیہات زیر آب آگئے۔سیلابی ریلے سے بدین مٹھی روڈ ، کھوسکی نندو روڈ مختلف مقامات پر زیر آب آگئی ہیں۔ضلع بدین میں رات سے بارش جاری ہے۔ایل بی او ڈی میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔ جس کے باعث سندھ اری گیشن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بدین، میرپورخاص اور تھرپارکر کے ڈی سی اوز کو ریڈ الرٹ وارننگ کے لیٹر جاری کردیئے گئے۔نواب شاہ میں بارش سے کھلے آسمان تلے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ جبکہ دیگر علاقوں میں قائم ریلیف کیمپوں میں بھی لوگ دواوٴں اور خوراک کے منتظر ہیں۔ ضلع دادو کے قریب دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے اور کچے کے علاقوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ ضلع جام شورو کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث کئی دیہات زیر آب ہیں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.