تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
7 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 11:9

یوکرین کے سابق فوجیوں کا کرنل قذافی کی حمایت میں لڑنے کا انکشاف

جنگ نیوز -
ماسکو …جنگ نیوز…یوکرین اور روس کے ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ لیبیا کے سابق لیڈرکرنل معمرقذافی کی حمایت میں یوکرین کے سابق فوجی باغیوں کے خلاف جنگ لڑتے رہے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ طرابلس پر باغیوں کے قبضے کے بعد شہر اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں تلاشی کے دوران یوکرین کے جنگجووٴں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو کرائے کے قاتلوں کی حیثیت سے قذافی کی وفادار فوج کے ہمراہ لڑائی میں شامل رہے ہیں۔ یوکرین کے اخبار"سیفوڈنیا" نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ لیبیا کے مغرب میں کرنل معمر قذافی کے لیے لڑنے والے یوکرینی چھاپہ ماردستوں کے ساتھ روس کی معدنی تیل کی ایک کمپنی نے معاہدہ بھی کیا تھا۔ دوسری جانب یوکرین کے ڈائریکٹر برائے اطلاعات الیگ فالوچین نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یوکرین کے سابق فوجی کرنل قذافی کی حمایت میں لڑتے رہے ہیں۔ البتہ یوکرینی وزارت خارجہ کے عہدیدار نے تسلیم کیا کہ ان کے ملک سے کچھ شہری جنگ زدہ لیبیا میں تعمیراتی کاموں میں حصہ لینے کے لیے طرابلس اور دیگر شہروں میں گئے تھے۔لیبیا کی انقلابی کونسل کی جانب سے ایسا کوئی الزام عاید نہیں کیا گیا، تاہم طرابلس اور اس کے مضافاتی علاقوں سے جو یوکرینی گرفتار کیے گئے ہیں، انہیں صرف حفاظتی نقطہ نظر سے تحویل میں لیا گیا ہے اور اْنہیں جلد رہا کر دیا جائے گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.