9 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:7
لاہور: مچھر کش دوا کی خریداری میں مبینہ گھپلوں کی تحقیقات شروع
جنگ نیوز -
لاہور...وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی پولیس ویلفیئر اینڈ فنانس نے مچھر کش دوا کی خریداری میں مبینہ گھپلوں کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ای ڈی اوز ہیلتھ سے بھی چوبیس گھنٹے کے اندررپورٹ طلب کرلی گئی۔ اس بارے میں سیکرٹری ہیلتھ کی وساطت سے تمام ضلعی حکومتوں سے مالی سال 2010ء اور 2011ء کے دوران خریدی جانے والی مچھرمار دوا کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔ ای ڈی اوز ہیلتھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مچھر کش دوا کی خریداری کے میکنزم،دوا کی مقدار اورقیمت کے تعین کی رپورٹ چوبیس گھنٹے میں فراہم کی جائے۔ ای ڈی اوز سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ مچھر کش دوا کے استعمال کرنے کے طریقے سے بھی آگاہ کیا جائے۔