تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:29

بینظیر قتل کیس، امریکی صحافی مارک سیگل سرکاری گواہ بن گئے

جنگ نیوز -


اسلام آباد…امریکی صحافی مارک سیگل بے نظیر بھٹو کے قتل کے مقدمہ میں سرکاری گواہ بن گئے ہیں۔ مقدمہ کی تفتیش کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے رکن نے امریکا جا کر مارک سیگل کا بیان رکارڈ کیا جو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ راول پنڈی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت بے نظیر قتل کیس کی آج سماعت کررہی ہے، ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چودھری ذوالفقار کے مطابق جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے ممبر آزاد خان نے امریکا جا کر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 161 کے تحت مارک سیگل کا بیان ریکارڈ کیا۔ امریکی صحافی نے تفتیشی ٹیم کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی موجودگی میں مشرف کا ٹیلی فون آیا جسے سن کر وہ پریشان ہو گئیں۔ پرویز مشرف نے بے نظیر بھٹو سے سخت لہجے میں بات کرتے ہوئے کہاتھاکہ کہ الیکشن سے قبل پاکستان آنے پر وہ خود اپنی سیکورٹی کی ذمہ دار ہوں گی۔ چودھری ذوالفقار نے بتایا کہ وقت آنے پر مارک سیگل کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔ بے نظیر قتل کیس کی سماعت کے دوران آج سات ملزموں پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان بھی ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.