10 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:44
کراچی:بارش کے بعد ٹریفک کا نظام متاثر، کرنٹ لگنے سے 9افراد جاں بحق
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . کراچی میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں،ٹریفک کی روانی شدید متاثراور زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، جبکہ کرنٹ لگنے کے واقعات میں نو افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونیو الوں میں ایک ہی خاندان کی پانچ خواتین شامل ہیں۔ آج سہ پہر شہر میں شروع ہونیوالی شدید بارش سے اگرچہ کراچی کا موسم خوشگوار ہوگیالیکن اس کے ساتھ ہی شہریوں پر مصائب کے نئے در کھل گئے ۔حسب معمول تیز بارش کے بعد سڑکوں پرگھٹنوں گھٹنوں پانی جمع ہوگیا جس کے سبب ٹریفک کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، رہی سہی کسر جلد باز شہریوں نے نکال دی، آئی آئی چند ریگر اورشاہراہ فیصل سمیت شہر کی دیگر بڑی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں،جبکہ سڑکوں کے کنارے موٹرسائیکل سوار کھڑے اپنی موٹرسائیکلوں کو ٹھیک کرتے یاگھٹنے گھٹنے پانی میں گھسیٹتے نظرآئے۔ چھٹی کے وقت دفاتر سے گھر واپس جانیوالوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔شہریوں نے سڑکوں پر مخالف سمتوں پر گاڑیاں چلانا شروع کردیں،ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں میں ایندھن ختم ہوگیا ۔مختلف علاقوں درخت اور بجلی کی تارگرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس سے بجلی کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں 52 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش لانڈھی میں52 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی،شارع فیصل پر31 ملی میٹر،ناظم آباد میں 25صدرمیں 40 ،یونیورسٹی روڈ پر 15.6 اور ائیرپورٹ پر 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی مزیدبارش کا امکان ہے۔دوسری جانب سے بارش کے باعث مختلف علاقوں کرنٹ لگنے سے ایک ہی خاندان کی پانچ خواتین سمیت نوافراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔کرنٹ لگنے کے واقعات بوہرا پیر، کھارادر، ناظم آباد اور گلشن اقبال میں پیش آئے۔