11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 2:45
کراچی،اندرون ملک جانیوالی ٹرینیں گھنٹوں تاخیرکاشکار
جنگ نیوز -
کراچی ... ملک بھر میں بارشوں کی وجہ ریلوے کا نظام درہم برہم ہے۔ اور ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے منزل پرپہنچ رہی ہیں۔ جبکہ کراچی سے اندرون ملک جانے والی ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور ہزاروں مسافروں نے کئی گھنٹے پلیٹ فارم پر گزارے۔ریلوے حکام کے مطابق بارشوں کی وجہ سے اندرون ملک سے آنے والی بیشتر ٹرینیں دس سے چودہ گھنٹے تاخیر سے کراچی پہنچ رہی ہیں جس کی وجہ سے ٹرینوں کی روانگی کے اوقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔ ہفتے کو بھی کراچی سے اندرون ملک جانے والی قراقرم ایکسپریس، تیزگام، نائٹ کوچ کراچی ایکسپریس، بہاوٴالدین زکریا ایکسپریس ، ملت ایکسپریس اور خیبر میل تین سے سات گھنٹے تک کی تاخیر سے روانہ ہوئیں۔ کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد کینٹ اسٹیشن پہنچنے والے مسافروں کے رش کی وجہ سے پلیٹ فارم پر بیٹھنے تک کی جگہ نہیں تھی۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ انھیں ٹرینوں کی روانگی سے متعلق درست معلومات فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے انھیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔