11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 7:20
بدین:بڑاسیلابی ریلہ آنے کا خدشہ،کئی شہروں کو خالی کرنے کا حکم
جنگ نیوز -
بدین…سندھ میں ہونیوالی طوفانی بارشوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں ، ضلع بدین کے کئی شہروں کو فوری طور پر خالی کرانے کے احکامات جاری کردیے گئے ، صوبے کے تمام متاثرہ علاقوں میں کھانے کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی کی بھی شدید قلت ہوگئی ہے۔ضلعی انتظامیہ بدین کے ترجمان سلیم راجپوت کے مطابق ایل بی او ڈی سیم نالے سے آنے والا بڑا سیلابی ریلہ آج کئی علاقوں میں تباہی مچا سکتاہے، ممکنہ خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے شادی لارج، کھوسکی، پنگریو، خیرپورگمبوہ، ملکانی اور سمن سرکار شہروں سمیت ان سے ملحقہ متعدد دیہات کو فوری طور پر خالی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو ٹھٹھہ منتقل کیا جائے گا،، میرپورخاص میں با اثر زمینداروں نے اپنی زمینوں میں کھڑے پانی کو نکالنے کے لیے سڑک میں شگاف ڈال دیا جس کے بعد میرپورخاص شہرکے علاقوں عمران ٹاوٴن اور جمناداس کالونی اسکیم نمبر دو میں پانی داخل ہو گیا۔جس پرعلاقہ مکینوں نے احتجاج کیا ہے۔ عمرکوٹ،کنری ، سامارو اور نبی سر میں سیکڑوں خاندانوں نے ریت کے ٹیلوں پر پناہ لے رکھی ہے۔ جامشورو، خیرپور، نوابشاہ، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، نوشہروفیروز، شھدادپور، مورو، دادو اور کوٹری کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اورسیلاب نے تباہی مچائی ہے،،کئی علاقوں میں پیٹ اور جلد کی بیماریاں پھوٹ پڑی ہیں جبکہ سانپ کے کاٹنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔