11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 9:56
پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو امداد کی فوری ضرورت ہے، اقوام متحدہ
جنگ نیوز -
اقوام متحدہ…جنگ نیوز… پاکستان کی جانب سے امداد کی اپیل کے بعداقوام متحدہ کی امدادی ایجنسیوں نے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ انسانی ہمدردی کے امور کیلئے اقوام متحدہ کے کوآرڈی نیشن آفس کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ، بلوچستان اور ملک کے جنوبی علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد امداد کی اپیل کے تناظر میں اقوام متحدہ اور اس کے امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں اپنی کارروائی شروع کردی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے اب تک 200 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 10 لاکھ کے قریب گھروں کو نقصان پہنچاہے۔ سیلاب نے ان علاقوں کو ایسے وقت میں اپنی لپیٹ میں لیاہے جب یہ علاقے گزشتہ سال آنے والے سیلاب سے بحالی کے عمل سے گزر رہے تھے۔ سیلاب سے4.2 ملین ایکڑ اراضی زیر آب آئی ہے۔ مجموعی طور پر دو لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھرہوچکے ہیں اور ان لوگوں کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے رابطہ کار تیموپکالا نے بتایا کہ اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کاآغاز کردیا ہے اور اس مقصد کیلئے ابتدائی جائزہ فوری طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر ضروریات بہت ہی زیادہ ہیں، متاثرہ افراد کو غذائی اشیا کی فراہمی اور ان علاقوں میں بحالی کا عمل ہمارے لئے فوری چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بذات خود انہوں نے سیلاب کا مشاہدہ کیا ہے اور وہ یہ کہنا چاہیں گے کہ یہ وقت پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا ہے۔ ہمیں گزشتہ سال آنے والے سیلاب کے تجربات سے سبق سیکھتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے عمل میں پاکستان کا ساتھ دینا چاہئے۔