11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:18
اے این پی دہشتگرد جماعت ہے، فوری پابندی لگائی جائے ، رابطہ کمیٹی
جنگ نیوز -
کراچی …متحدہ قومی مومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی سب سے بڑی دہشت گرد جماعت ہے جس پر فی الفور پابندی عائد کی جائے۔ ایم کیو ایم اعلامیہ کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن یوسف شاہوانی ، صوبہ خیبرپختونخوا سے گلفراز خٹک ایڈووکیٹ، ایم کیوایم لاہور زون کے زونل انچارج سید شاہین گیلانی اورایم کیوایم گھوٹکی کے زونل انچارج نورالدین زنگی نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایم کیوایم پر پابندی لگانے کے مطالبات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ اے این پی کاماضی دہشت گردی سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کے عوام جانتے ہیں کہ افغانستان اوربھارت کی مدد سے پاکستان میں دہشت گردی کون کرتے رہے اور 1975میں دہشت گردی کرنیوالی کس تنظیم پرپابندی عائد کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا جس جماعت کے رہنما امریکی ڈالرز کے عوض باچاخان کی تعلیمات فراموش کرکے دہشت گردی کا راستہ اختیار کرتی رہی ہواسے دوسری جماعت پر جھوٹے الزامات عائد کرنے سے قبل شرم کرنی چاہئے۔ عوامی نیشنل پارٹی سب سے بڑی دہشت گرد جماعت ہے جس کے ہاتھ کراچی کے بے گناہ شہریوں کے خون سے رنگین ہیں لہٰذا عوامی نیشنل پارٹی پر نہ صرف فی الفور پابندی عائد کی جائے بلکہ اس کے رہنماؤں کو فوری گرفتار کرکے سرعام سزا دی جائے تاکہ آئندہ پاکستان کی کوئی بھی جماعت کسی غیرملک کے مفادات کی تکمیل کیلئے وطن عزیز کی بقاء وسلامتی کا سودا نہ کرسکے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی پرکئی ملین امریکی ڈالرز لینے کا الزام الطاف حسین نے ہی عائد نہیں کیا بلکہ پاکستان کے بہت سے لوگ اس حقیقت سے بخوبی واقف بھی ہیں اوروہ جانتے ہیں کہ چند برس قبل رکشہ چلانے والا اے این پی کا رہنماآج اربوں روپوں کے مالک بن چکے ہیں جبکہ حق پرست پختون آج بھی محنت مزدوری کرکے رزق حلال کمارہے ہیں اوران گنت مسائل کا شکار ہیں۔ایم کیوایم کے رہنماؤں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ ایک عوامی جماعت ہے جسے پاکستان بھر کے کروڑوں عوام کی حمایت حاصل ہے اور عوامی حمایت رکھنے والی جماعت پر پابندی لگانے کا خواب دیکھنے والے ہمیشہ اپنے مقصد میں ناکام رہیں گے۔