11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 16:29
کراچی: سول اسپتال میں جمع پانی اور بجلی کی بندش، تیماردار پریشان
جنگ نیوز -
کراچی…کراچی میں موسلا دھار بارشوں سے جمع ہونیوالے پانی اور بجلی کی عدم دستیابی نے اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور ان کے تیمارداروں کی پریشانی کو دوہرا کر دیا۔ اتوار کو ہونے والی بارش کے ساتھ ہی سول اسپتال میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر شعبہ ایمرجنسی میں بجلی نہ ہونے سے تشویشناک حالت میں لائے گئے مریضوں کی تکالیف بڑھ گئی۔شعبہ حادثات میں متبادل ذرائع سے بھی بجلی کی فراہمی نہیں کی جا سکی۔ مریضوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ہر طرف بارش کا پانی جمع ہے جس کی نکاسی نہیں کی جا سکی جس سے آمد ورفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور گرمی اور حبس میں بجلی نہ ہونے سے مریضوں کو بھی کرب کا سامنا ہے۔