تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 20:17

نجی اسپتال بھی ڈینگی کا مفت علاج فراہم کرینگے، شہبازشریف

جنگ نیوز -


لاہور…وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اعلان کیا ہے کہ پرائیویٹ اسپتال بھی ڈینگی مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں فراہم کریں گے ،وزیراعلیٰ نے طلبہ اور طالبات کے ہمراہ ڈینگی آگاہی مہم میں حصہ لیا،پاک فوج نے بھی ڈینگی مریضوں کے علاج کیلئے سی ایم ایچ لاہور میں سو بستروں کا وارڈ بنا دیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ماڈل ٹاوٴن میں گورنمنٹ ماڈل گرلز کالج کی طالبات کے ہمراہ پمفلٹ تقسیم کیے۔میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ اسپتال ڈینگی وائرس کا مفت علاج کرینگے، جو نہیں مانیں گے انہیں قانون کا پابند بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سری لنکا سے ڈینگی کے علاج کے آلات جبکہ بھارت سے ادویات منگوائی جا رہی ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈینگی سے متعلق خصوصی ایمرجنسی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ پرائیویٹ لیبارٹریاں بھی بلڈٹیسٹ نہایت مناسب نرخوں پر کریں گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ بھارت سے سڑک ،ٹرین اور ہوائی جہاز کے ذریعے ادویات کی درآمد کیلئے اقدامات کیے جائیں۔آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز کے مطابق سی ایم ایچ لاہور میں ڈینگی مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا،جبکہ کینٹ کے نواحی علاقوں میں گیارہ فری میڈیکل کیمپ آج سے کام شروع کر دینگے،فوج کی موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر علاج کی سہولتیں مہیا کریں گی۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.