12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 6:31
صدرزرداری امریکا سے ڈیل کرنا چاہتے تھے، وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…پاکستان کے بارے میں وکی لیکس سے انکشافات کا سلسلہ جاری ہے۔ این پیٹرسن کے مراسلے کے مطابق ایک سال پہلے صدر زرداری نے امریکی سینیٹر جان کیری سے کہا تھا کہ انہیں اپنی سیاسی پوزیشن مستحکم کرنے کیلئے امریکا سے ڈیل کی ضرورت ہے۔ صدر زرداری نے سولہ فروری دو ہزار دس کو اسلام آباد دورہ کرنیوالے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیرمین سینیٹر جان کیری سے ملاقات کی۔ امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے ملاقات کی تفصیل تئیس فروری دو ہزار دس کو واشنگٹن بھیجی۔ مراسلے کے مطابق صدر زرداری نے سینیٹر جان کیری سے کہا کہ انھیں اپنی سیاسی ساکھ مضبوط بنانے کیلئے امریکا کیساتھ ایک ڈیل کی ضرورت ہے اس ڈیل کے تحت وہ اپنی عوام کو کچھ دے سکیں۔ مرسلے کے مطابق ڈیل کا مقصد امداد اور تجارتی مراعات تھیں جنھیں صدر زرداری سمجھتے تھے کہ اس کے بعد وہ بھارت کے بارے میں بھی کچھ سوچنے کے قابل ہوں گے۔ پاک امریکا تجارتی معاہدوں کو بعض پابندیوں سے آزاد کرنے کے مطالبے پر سینیٹر جان کیری نے کہا کہ اس مقصد کا پورا ہونا ، پاکستان میں جمہوری استحکام اور افغانستان میں پاکستان کی مسلسل حمایت جاری رکھنے سے براہ راست جڑا ہے۔ سینیٹر کیری نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جب بھی حمایت کا معاملہ کھڑا ہوتا ہے بڑی کھانسی آجاتی ہے۔ صدر زرداری نے جواب میں کہا کہ پاکستان نئی جمہوریت ہے لہذا بڑی کھانسی آجانا قدرتی بات ہے تاہم صدر زرداری کا کہنا تھا کہ انھیں امریکا کا پیغام سمجھ آگیا ہے۔