12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
سندھ میں سیلاب سے209افراد جاں بحق ہوئے،این ڈی ایم اے
جنگ نیوز -
اسلام آباد… نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق سندھ میں حالیہ سیلاب سے 209 افراد جاں بحق جبکہ 53 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے وزیرا عظم کی بنائی گئی خصوصی فلڈ ریلیف کمیٹی کو اسلام آباد میں بریفنگ دیتے یوئے بتایا کہ کہ سندھ میں حالیہ سیلاب سے ایک اعشاریہ سات ملین ایکٹر کھڑی فصل تباہ ہوئی ہے۔ اجلاس کے بعد این ڈی ایم اے کے چئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال قادر نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا کہ چین کی جانب سے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے 4.7 ملین ڈالرز کی امداد کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ چین کے سفارت خانہ کے عملے نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے 6 لاکھ روپے کا عطیہ بھی دیا ہے۔