12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:52
ایم کیو ایم عالمی قوتوں کی نمائندہ جماعت ہے، منور حسن
اے آر وائی - امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازشوں میں ایم کیو ایم عالمی قوتوں کی مقامی نمائندہ جماعت ہے۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اگر ایسی سازشوں کے متعلق پہلے سے جانتے تھے تو تین سال حکومت میں رہنے کے باوجود نہ تو انہوں نے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی اور نہ ہی کبھی انہوں نے صدر زرداری سے اسکا ذکر کیا اور یہ بات ان کی بدنیتی کو ثابت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ 12مئی میں گورنر ، وزیر داخلہ اور پورٹ اینڈ شپنگ کے وزیر ایم کیو ایم کے تھے اور سب جانتے ہیں کہ کنٹینرز کس نے لگائے اور چیف جسٹس آف پاکستان کو کس نے جان کی دھمکی دے کر ائیر پورٹ پر ہی روک دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کہ 9اپریل اور 12مئی جیسے واقعات کی ازسر نو جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کوئی مہاجر اور پشتون فساد نہیں اور نہ ہی کوئی فرقہ وارانہ جھگڑا ہے۔ ٹارگٹ کلنگ صرف ایک فاشسٹ تحریک کی وجہ سے ہورہی ہے جنہوں نے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے، حقیقت میں بھتہ مافیااور ٹارگٹ کلنگ ایم کیو ایم کا ہی تحفہ ہے اور الطاف حسین کا یہ کہنا کہ تحریک پاکستان کے دوران لا الہ الا اللہ کا نعرہ نہیں لگایا گیا ، جھوٹ پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کو سامنے رکھ کر ناچ گانا کرنا سریحاً توہین ہے، الطاف حسین کو توبہ استغفار کرنی چاہیے۔