12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
بھارت: تامل ناڈو میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں،6 افراد ہلاک
جنگ نیوز -
نئی دہلی…جنگ نیوز… بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ جھڑپیں ریاست کے ضلع راماناتھ پورم میں اس وقت شروع ہوئیں جب پولیس نے ایک دلت رہنماء جان پانڈین کو گرفتار کیا۔ جان پانڈین ایک آنجہانی رہنماء کے یوم پیدائش کی تقریب میں حصہ لینے جا رہے تھے۔دلت رہنما کی گرفتاری کے بعد لوگوں نے پولیس اہلکاروں پر دھاوا بول دیا۔ مشتعل افراد نے پولیس کی کچھ گاڑیوں کو نذر آتش کردیا۔ اس جھڑپ میں پولیس کمشنر سمیت کئی اہلکار زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کی جانب سے مبینہ ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے گولی چلادی۔ پولیس کی فائرنگ سے چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام نے واقعہ کے بعد پورے ضلع میں دفعہ 144 لگا دی ہے۔