12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
لیبیا : بنی ولید کے قریب قذافی حامیوں اور مخالفین میں جھڑپیں جاری
جنگ نیوز -
طرابلس …جنگ نیوز… لیبیا کے شہر بنی ولید کے قریب معمر قذافی کی حامی اور مخالف فوجیوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں ۔ لیبیاکی قومی عبوری کونسل کے نائب سربراہ محمود جبرائیل نے آئندہ 10روز کے دوران نئی عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ معمر قذافی کا بیٹا سعدی قذافی نائیجیریا پہنچ گیا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق باغیوں کی سرت کی طرف پیش قدمی جاری ہے اور بنی ولید کے قریب معمر قذافی کی حامی افواج و باغیوں کے درمیان جھڑپیں گذشتہ روز بھی جاری رہیں جن میں 3 باغی ہلاک اور 15شدید زخمی ہوگئے۔ دریں اثناء طرابلس میں لیبیا کے قائمقام وزیراعظم اور قومی عبوری کونسل کے نائب سربراہ محمود جبرائیل نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ مزید شراکت کے ساتھ نئی عبوری حکومت آئندہ 10روز کے دوران بنالی جائے گی جس میں ملک کے تمام علاقوں کو نمائندگی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تیل کی پیداوار شروع ہوگئی ہے اورمغربی علاقوں میں بھی عنقریب تیل کی پیداوار شروع کردی جائے گی۔ دوسری جانب معمرقذافی کا بیٹا38 سالہ سعدی قذافی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہمسایہ ملک نائیجیریا پہنچ گیا ہے جس کی نائیجیرین حکام نے تصدیق کردی ہے۔نائیجیرئن حکام کے مطابق سعدی قذافی کے معاملے کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر لیں گے۔