12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
پنجاب میں ووٹوں کی خریداری جاری ہے،شہباز شریف/وکی لیکس
جنگ نیوز -
کراچی…وکی لیکس سے انکشاف ہوا ہے کہ دو ہزار نو میں میاں شہباز شریف نے امریکی سفیر کو بتایا تھا کہ پنجاب میں صوبائی حکومت کی تشکیل کے معاملے پر ن لیگ کی مسلم لیگ ق سے ملاقاتیں ہوچکی ہیں جبکہ ووٹوں کی خریداری بھی جاری ہے۔ نو مارچ دو ہزار نو کو امریکی سفیر این ڈبلیو پیٹرسن نے ن لیگ کے رہ نماوٴں سمیت پنجاب کے موجودہ وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ واشنگٹن بھیجے گئے مراسلے میں امریکی سفیر نے دفتر خارجہ کو آگاہ کیا کہ شہباز شریف نے ملاقات میں بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کی تشکیل کے معاملے پر ق لیگ کیساتھ ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔ ووٹ خریدنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مراسلے کے مطابق شہباز شریف نے امریکی سفیر کو بتایا کہ نواز لیگ ، چوہدریوں کو پنجاب میں اْن کے ووٹ بینک کے حساب مناسب نمائندگی دینے کی پیشکش کرسکتی ہے لیکن اس کیلئے پیشگی شرائط قبول نہیں کی جائیں گی۔ جسٹس افتخار چوہدری سمیت معزول ججوں کی بحالی کے معاملے پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر زرداری نے عوام کو ہمیشہ بیوقوف بنایا ہے لیکن اس بار مسلم لیگ نون بے وقوف نہیں بنے گی اور پرْامن لانگ مارچ کیا جائے گا۔