12 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 18:56
کوئٹہ سے پاکستانی نژاد امریکی سمیت دو افراد کا اغوا اور رہائی
جنگ نیوز -
کوئٹہ …کوئٹہ میں پاکستانی نژاد امریکی شہری کو ان کے ساتھی کے ہمراہ نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرلیا اور بعد میں چند گھنٹے کے بعد انہیں رہا کردیا۔پولیس کے مطابق پاکستانی نژاد امریکی شہری زاہد اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ کوئٹہ میں ایک گاڑی میں کلی قمبرانی سے گزر رہا تھا کہ اسے چند نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرلیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے، تاہم اغواء کاروں نے انہیں چند گھنٹے بعد مغربی بائی پاس کے قریب چھوڑ دیا، ذرائع کے مطابق ورلڈ ٹور پر امریکی شہری تقریبا دو ہفتے قبل اپنی گاڑی میں ایران سے ہوتے ہوئے تفتان کے راستے کوئٹہ آیا تھا اور وہ افغانستان کے راستے وسطی ایشیائی ریاستوں اور یورپ جانا تھا تاہم وہ کوئٹہ میں اپنے ساتھ لائی گئی گاڑی کو محکمہ کسٹم سے کلیئر کرانا چاہتے تھے جس کے باعث وہ کوئٹہ میں مقیم تھے، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔