13 ستمبر 2011
وقت اشاعت: 13:46
خیبر پختونخوا میں ڈینگی بخار سے مزیدایک شخص انتقال کرگیا
جنگ نیوز -
پشاور…خیبرپختونخوا میں دینگی بخار میں مبتلا ایک اور مریض جان کی بازہ ہار گیا۔ صوبے میں ڈینگی سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے تصدیق کی ہے کہ ایک اور مریض ڈینگی وائرس سے جاں بحق ہو گیا ہے۔ جان بحق ہونے والے مریض کا تعلق ضلع مانسہرہ سے ہے۔ اس سے پہلے ہری پور اور نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے مریض ڈینگی بخار کے باعث جان بحق ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق صوبے کے مختلف اسپتالوں میں سو سے زیادہ مریضوں کو ڈینگی کے شبے میں داخل کرایا گیا تھا جن میں سے 29 مریضوں میں ڈنیگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے ان میں سے دس مریضوں کا تعلق پشاور سے ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مزید سو سے زیادہ مریضوں کے خون کے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے گئے ہیں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد کے ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو سکتی ہے۔ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری اسپتالوں کے علاوہ صوبے کے تمام نجی اسپتالوں میں بھی ڈینگی مریضوں کے علاج کے احکامات جاری کئے جائیں۔